امام زین العابدین علیہ سلام کا تعارف

س۔امام علیہ سلام کا نام کیا تھا؟
ج۔ آپ علیہ سلام کا نام علی تھا۔

س۔ امام علیہ سلام کے والد اور والدہ کا نام کیا تھا؟
ج۔ آپ علیہ سلام کے والد امام حسین علیہ سلام جبکہ والدہ شہر بانو ہیں۔

س۔ شہر بانو کا کیا مطلب ہے؟ اور یہ نام عربی زبان کا ہے؟
ج۔ شہر بانو فارسی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی شہر کی امیرزادی اور شہر کی زینت کے ہیں۔

س۔ شہر بانو کون تھیں؟
ج۔ ایران کے آخری بادشاہ کی صاحبزادی تھیں خلیفہ دوم کے زمانے میں اسیر ہو کر مدینہ آئیں اور امام حسین علیہ سلام سے آپ کا عقد ہوا۔

س۔ امام علیہ سلام کی ولادت با سعادت کب اور کہاں ہوئی؟
ج۔ آپ علیہ سلام بروز جمعرات پانچ شعبان سن 38 ھ  مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔

س۔ امام علیہ سلام کے مشہور القاب کون کون سے ہیں؟
ج۔ آپ علیہ سلام کے مشہور القاب زين العابدين، السجاد، وذو الثفنات، والبكّاء، والعابد لیکن مشہور ترین لقب زین العابدین ہے اور اسی لقب سے آپ کو پہچانا جاتا ہے۔

س۔ ذو الثفنات اور البکاء سے کیا مراد ہے اور آپ علیہ سلام کو ان القاب سے کیوں نوازا گیا؟
ج۔ آپ علیہ سلام کو کثرت سجدہ کے سبب پیشانی اور دیگر مواضع سجدہ پر گٹھے پڑ جایا کرتے تھے اس لئے انہیں ذوالثفنات کہا جاتا تھا ذو الثفنات سے مراد گھٹے والے ہیں۔ 
اسی طرح آپ علیہ سلام امام حسین علیہ سلام پر کثرت سے گریہ کیا کرتے تھے اس لئے  انہیں البکاء کہا جاتا تھا البکاء سے مراد بہت زیادہ گریہ کرنے والا ہے۔
امام محمد باقر علیہ سلام اپنے والد بزرگوار کی ان دونوں حالتوں کے بارے میں فرماتے ہیں۔ 
ولقد كان يسقط منه كل سنة سبع ثفنات من موضع سجوده لكثرة صلاته، فكان يجمعها فلما مات دفنت معه، ولقد بكى على أبيه الحسين عليه السلام عشرين سنة (وسائل الشيعة،ج ١١، ص ٥٤٢)
کثرتِ نماز کی وجہ سے آپ علیہ السلام کے مواضع سجود سے ہر سال سات گھٹے کاٹے جاتے تھے۔ آپ ان گھٹوں کو جمع کرتے تھے۔ جب آپ کی شہادت ہوئی تو انہیں آپ کے ساتھ دفن کیا گیا۔ اور آپ علیہ سلام نے اپنے بابا امام حسین علیہ سلام پر بیس سال تک گریہ کیا۔

س۔ آپ علیہ سلام کی شہادت کب، کہاں اور کیسے ہوئی؟
ج۔ ولید بن عبد الملک بن مروان کے حکم سے آپ علیہ سلام کو زہر دیا گیا جس کے نتیجے میں آپ علیہ سلام مدینہ منورہ میں 25 محرم الحرام سن 95 ھ میں دنیا سے رحلت فرما گئے اور آپ علیہ سلام کو ان کے چچا امام حسن علیہ سلام کے پہلو میں جنة القبيع میں دفن کیا گیا۔